بنگلورو:22/مئی (ایس او نیوز) تحفظ حقوق اطفال کے سلسلے میں مختلف ریاستوں کے اراکین اسمبلی کی کارکردگی پر کانفرنس جولائی میں بنگلور میں منعقد ہوسکتی ہے۔ یہ بات آج ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کے چیرمین ڈی ایچ شنکر مورتی نے کہی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس کانفرنس میں حقوق اطفال کی حفاظت اور بچوں سے جڑے مسائل کی یکسوئی پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں اس طرح کی سہ روزہ کانفرنس کے اہتمام کو ہر طرف سے سراہا جارہاہے۔ کانفرنس میں جنوبی ریاستوں کے اراکین اسمبلی کو مدعو کیاجائے گا۔ آج ودھان سودھا میں یونیسیف کی چیف ریجنل آفیسر میٹل رددیا سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی لیجسلیٹیو کونسل میں بھی بارہا حقوق اطفال کے موضوع پر بحث ہوتی رہی ہے، جس پر یونیسیف کے افسران نے ایوان بالا کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 24 جولائی سے اس کانفرنس کی شروعات کا فیصلہ کیاگیاہے۔آئندہ ماہ چونکہ لیجسلیچر کا اجلاس ہونے والا ہے، اسی لئے اس کانفرنس کے اہتمام میں تاخیر کی گئی ہے۔ بصورت دیگر اس کانفرنس کو رواں ماہ ہی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔